کوئٹہ (نمائندہ عکس) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پاک آرمی بھرپور انداز سے کام کررہی ہے، بلوچستان میں سیلابی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ہونے والے نقصانات کا بھرپور طور پر ازالہ کیا جائے گا ، تمام ادارے سیلابی بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں بحالی اور ریلیف کے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، متاثرین ہمارے اپنے لوگ ہیں، حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں تمام متاثرین کی بھرپور معاونت کرے گی۔
وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ہمارے صوبے میں گزشتہ برسوں میں بارشیں کم ہوئیں اور خشک سالی کا خدشہ تھا، بارشیں اللہ کی رحمت ہیں، یقینا ان بارشوں سے جہاں آفت کا سامنا ہے وہی پر پانی زیر زمین سطح اب بلند ہوئی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پانی کی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات سے بھی بہت سے نقصانات ہوئے، پانی کی گزرگاہوں پر گھر تعمیر کیے گئے اور انہیں زرعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے ذرائع ابلاغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنقید کی بجائے سیلابی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں حکومت کو آگاہ کریں، ہمارے ساتھ متاثرہ علاقے کی صورتحال شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت اور اداروں کے درمیان اس وقت ایک مربوط کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے جس دلیری اور مستعدی سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا وہ یقینا قابل فخر ہے۔ میر عبدالقدوس نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں ہم سب ساتھ ہیں، متاثرہ اضلاع میں پاک آرمی اور وفاقی اور صوبائی حکومت بھرپور انداز سے کام کررہی ہیں، سیلابی صورتحال پر وفاقی حکومت کو بھی آن بورڈ لیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بھی صوبائی حکومت کے طرز پر جاں بحق افراد کے لیے 10 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف بھی حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے پوری طرح سے باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے اور این ایچ اے کو بھی ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پلوں کو جلد مرمت کرتے ہوئے مواصلاتی رابطوں کو بحال کیا جائے۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں وی آئی پی موومنٹ کو کم کیا جائے، وی آئی پی وزٹ سے انتظامیہ کو ریلیف اور بحالی کے کاموں میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔