مسرت جمشید چیمہ

سیاسی بغض میں ٹیلی تھون کی نشریات کا بلیک آئوٹ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولے کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ٹیلی تھون کا بلیک آئوٹ کرنے سے ثابت ہوگیاہے کہ یہ عمران خان سے کس قدر خوفزدہ ہیں ،تحریک انصاف ان شااللہ عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں واپس آئے گی ،زبوں حالی کا شکار معیشت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے پیشگی ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے اور اقتدار کی منتقلی کے بعد بلا تاخیر اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں مسرت جمشیدچیمہ نے کہا کہ بیرون ممالک سے اب تک ہزاروںٹن اشیاء پاکستان پہنچ چکی ہیں لیکن وہ کن علاقوں کے متاثرین کوبھجوائی جارہی ہیں اس کی کسی کو کوئی خبر نہیں ، 12کلو میٹر پر حکومت کرنے والا امپورٹڈ ٹولہ بیرون ممالک سے آنے والی امداد کی منصفانہ اور بلا تفریق بنیادوں پر تقسیم کو یقینی بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپیل پر سیلاب زدگان کیلئے امداد آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ حکمرانوں کی جانب سے سیاسی بغض میں دوسری ٹیلی تھون کی نشریات کا بلیک آئوٹ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے اور سیلاب متاثرین وقت آنے پر امپورٹڈ ٹولے سے اس کا حساب لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں