مسعود خان

سیاحت کا فروغ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مستحکم کریگا، سر دار مسعود خان

واشنگٹن ڈی سی(عکس آن لائن)امریکہ میں پاکستان کے سفیر سر دار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،

نیویارک میں منعقدہ ٹریول اینڈ ایڈونچر شو 2024کے دوران پاکستان پویلین کی کامیابی، پاکستان کے قدرتی حسن، ثقافت اور تاریخ کی کامیاب نمائش نے بین الاقوامی برادری کو متاثر کیا ہے جنہوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور سیاحت میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے،اس سے نہ صرف سیاحت کی صنعت بلکہ ملک کا بہتر امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ سفیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان مقپون سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کے دوران کیا۔سفیر پاکستان نے وزیر منصوبہ بندی کو ایک کامیاب شو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی جو ملکی سیاحت کی استعداد کو مزید اجاگر کرے گا۔

راجہ ناصر خان نے ملکی سیاحتی صلاحیت کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کامیابی سے اجاگر کرنے کے حوالے سے نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔پاکستان کی سیاحت میں امریکی شہریوں کی دلچسپی پر بات کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنے والے غیر ملکیوں سیاحوں میں امریکی شہری دوسرے نمبر پر ہے جو گلگت بلتستان میں مختلف قسم کی سیاحت بشمول ماحولیاتی سیاحت، ایڈونچر ٹورازم اور دیگر کے لیے آتے ہیں۔

انہوں نے سفیر پاکستان کو انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور سیاحوں کی سہولت کاری کیلئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک پیداواری انسانی سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں بھی سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔اس ضمن میں وزیرمنصوبہ بندی نے بتایا کہ جی بی حکومت نوجوانوں کیلئے آئی ٹی پارکس، انکیوبیشن سینٹرز کے قیام ، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور موسم سرما میں ہونے والے کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور انہیں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر بھی یکساں توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 آئس ہاکی ٹیموں میں سے 12 ٹیمیں خواتین کی ہیں ۔وزیر منصوبہ بندی جی بی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت یو ایس ایڈ اور روپانی فائونڈیشن کے تعاون سے رواں سال مئی میں انویسٹ ان پاکستان کانفرنس -2 کا انعقاد کریگی تاکہ سرمایہ کاروں بالخصوص پاک امریکی کمیونٹی کو سیاحت، مہمان نوازی، ٹیک سیکٹر ، معدنیات، قابل تجدید توانائی، صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا سکے۔

گلگت بلتستان میں تعلیم کے شعبے کے لیے بین الاقوامی تعاون پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے خاص طور پر ڈیانا میک آرتھر کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا جنہوں نے گلگت بلتستان (جی بی)کی وادی ہنزہ کے گاں مرتضی آباد میں سنٹر فار ایجوکیشنل ایکسی لینس کے قیام میں سرکردہ کردار ادا کیا۔وزیر منصوبہ بندی راجہ ناصر علی خان نے ڈیانا میک آرتھر سے فون پر بات کی اور گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے علاقے میں ایسے ہی ایک اور مرکز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی جس کے لیے انہوں نے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت، سول سوسائٹی، مخیر حضرات اور پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کی فراخدلانہ حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی تعاون مضبوط پاک امریکہ کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کرنے، انکو اپنی صلاحیتیں برے کار لانے اور ان کو معاشرہ کا ایک بیش قیمت اثاثہ بنانے کے حوالے سے امریکی تعاون کو سراہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں