وزیراعلی پنجاب

سکھ برادری کو گرو نانک کا جنم دن مبارک، پنجاب آمد پرجی آیاں نوں کہتے ہیں،وزیراعلی پنجاب

لاہور (عکس آن لائن ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سکھ برادری کو بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن پر مبارکباد دیتے ہیں، سکھ برادری کو پنجاب آمد پرجی آیاں نوں کہتے ہیں۔ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسلامی تعلیمات کے مطابق مذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے۔

کرتار پور راہداری کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے- وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرتار پور راہداری حکو مت کا مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک تاریخ ساز اقدام ہے۔ عثمان بزدارنے کہا کہ باباگرونانک دیو جی کا جنم دن سکھ برادری کا روایتی مذہبی اور خوشیوں بھرا تہوار ہے۔ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ بابا گرو نانک دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔

بابا گرو نانک کا شمار ان ہستیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے انسانیت سے پیار، اخوت و بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا۔ ہر سال سکھ برادری کی خدمت کر کے خوشی ہوتی ہے۔ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ ان کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں