لاہور(عکس آن لائن) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے خدمت آپ کی دہلیز پر نئی سروس کا آغاز کردیا،منصوبہ کے تحت سکول سربراہان کے ساتھ ذیلی اداروں کو بھی مخصوص ٹاسک پورا کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے خدمت آپ کی دہلیز پر نئی سروس کا آغاز کردیا جس کے تحت تمام افسران بالا اپنی اپنی سطح پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ایپلی کیشن کے ذریعے تعلیمی اداروں کی سخت مانٹیرنگ کی جائے گی ،غفلت پر ایکشن و بہترین کارکردگی پر انعام واکرام سے نوازا جائے گا۔خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام کے تحت پنجاب کے 36 اضلاع میں فوکل پرسن تعینات کردیئے گئے۔
یہ فوکل پرسنز سکول ایجوکیشن کے متعلق موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالہ اور شنوائی کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔سکولوں کے علاوہ اب ذیلی اداروں کو بھی مخصوص ٹاسک پورے کرنا ہونگے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کیمطابق عوام کی خدمت کیلئے سکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائیگا،ڈیپارٹمنٹس کو عوامی ضروریات کیمطابق ٹارگٹس دیئے جائیں گے۔ہر ہفتے براہ راست عوام سے فیڈبیک لیاجائے گا جبکہ سرکاری اداروں کے علاوہ تھرڈ پارٹی فیڈ بیک بھی لیاجائیگا۔خدمت آپکی دہلیز پرایپلی کیشن کے ذریعے تعلیمی اداروں کی سخت مانٹیرنگ کرنے کے بعد خراب کارکردگی والے اضلاع کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔