ملک وال (نمائندہ عکس آن لائن) سپین کے علاقے کاسپے میں روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق ہونے والے 4 پاکستانیوں کی میتیں آج پاکستان پہنچیں گی ۔ جاںبحق ہونے والے افراد کا تعلق ضلع منڈی بہاوالدین سے ہے ‘ پی آئی اے کی پرواز آج28 فروری صبح 8 بجے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر پہنچے گی ۔تفصیلات کے مطابق 21 فروری بروز جمعتہ المبارک کو ضلع منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے پرویز احمد گوندل ‘ ظفر اقبال ‘ شکور علی ‘ ارشد اقبال و دیگر ساتھی گاڑی میں سوار سپین کے شہر سارا گوسا جارہے تھے راستے میں ان کی گاڑی ہیوی ٹریکٹر سے ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجے میں 3 افراد پرویز اقبال گوندل ساکن سوہاوہ بولانی ‘ ظفر اقبال سکنہ چاڑانوالہ ‘ شکور علی ساکن آہلہ اسٹیشن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ارشد اقبال ساکن نین رانجھا اور دیگر ساتھی شدید زخمی ہوگئے تھے ۔
بعد ازاں شدید زخمی ارشدا قبال ساکن نین رانجھا بھی جان کی بازی ہار گئے ۔جاںبحق ہونے والے افراد سپین کے شہر کاسپے میں شعبہ زراعت سے منسلک تھے اور عرصہ دراز سے سارا گوسا گاوں میں رہ رہے تھے اور گاوں میں بہت زیادہ مقبولیت رکھتے تھے ۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ گزشتہ روز سپین کے فٹ بال گراونڈ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ یورپین کمیونٹی کے ہزاروں افراد تعزیت کیلئے فٹ بال گراونڈ پہنچے ۔
یورپین کمیونٹی کے افراد نے لواحقین سے تعزیت کی جبکہ سپین کے گاوں سارا گوسا میں 3 روز کا سوگ کیا گیا ۔ یاد رہے کہ یہ حادثہ 21 فروری 2020ءکو ہوا اور اس حادثے کی خبر پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ جاںبحق پاکستانیوں کے گھروں میں کئی دن سے کہرام مچا ہوا ہے اور لوگوں جوق در جوق تعزیت کیلئے آرہے ہیں۔