لاہور( عکس آن لائن) ٹی وی،فلم واسٹیج کی معروف اداکارہ وپرفارمرصوفیہ بٹ نے کہا ہے کہ رقص اعضا کی شاعری ہے سٹیج ڈرامے میں رقص شامل کرنے سے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے صوفیہ بٹ نے کہا کہ سٹیج ڈراموں میں کام کرنا سب سے مشکل کام ہے کیونکہ تھیٹر میں لائیو پرفارمنس ہوتی ہے۔
جہاں پر ری ٹیک کی گنجائش نہیں ہوتی اس کے مقابلے میں ٹی وی ڈراموں اور کمرشلز میں ری ٹیک کی گنجائش ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں زیادہ سٹیج ڈراموں میں اس لئے کام کر رہی ہوںکہ اداکاری سیکھنے کے لئے سٹیج ڈرامہ بہترین جگہ ہے۔ اگر اداکار اچھی اداکاری کرے تو موقع پر ہی رسپانس مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سٹیج ڈرامہ کا سبجیکٹ اس قسم کا ہے کہ وہاں رقص ضروری ہو تو رقص ہونا چاہئے۔ ویسے بھی رقص تو اعضا کی شاعری ہے، اور سٹیج ڈرامے میں رقص شامل کرنے سے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
صوفیہ بٹ نے کہا کہ پاکستان کا سٹیج ڈرامہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی مقبول ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل اچھی فلمیں بننا شروع ہوگئی ہیں بہت جلد فلم انڈسٹری اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی۔ صوفیہ بٹ نے کہا کہ رقص بغیر تربیت کے نہیں ہوسکتا، میں نے اس کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے اور ابھی تک کر رہی ہوں۔