قصور (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کے کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول کیلئے مناسب اوربروقت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ سورج مکھی کی بہترپرورش کیلئے پانی کی اہمیت سے انکارممکن نہیں کیونکہ جڑوں کے ذریعے پودوں کو مطلوب خوراک کے اجزاء پانی میں حل ہوکر ہی پودے تک پہنچتے ہیں نیزضیائی تالیف کے عمل میں بھی اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت نےبتایا کہ سورج مکھی کم پانی میں پروان چڑھنے کی صلاحیت رکھنے والی فصل ہے جس کے باعث کاشتکار اکثر اس کی آبپاشی پر پوری توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے پیداوارمیں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل کو پہلا پانی بیج پھوٹنے کے 25سے 30دن بعد‘ دوسرا پانی پہلے پانی کے 15سے 20دن بعد‘تیسرا پانی پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت اورچوتھاپانی بیج بننے کے مرحلے پر لگاناضروری ہے۔