سورج مکھی

سورج مکھی کے نمائشی پلاٹ کے اخراجات پرفی ایکڑ 15ہزارروپے سبسڈی کی ادائیگی کا اعلان، 25جنوری تک درخواستیں طلب

فیصل آباد (عکس آن لائن):وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت تیلدار اجناس کے فروغ کا قومی منصوبہ شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب میں نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے سورج مکھی کے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبد الحمیدنے اے پی پی کو بتایا کہ اس منصوبہ کے تحت 15اضلاع بہاولنگر،بہاولپور،بھکر،ڈیری غازی خان،خانیوال،لیہ، لودھراں،میانوالی،ملتان،مظفر گڑھ،اوکاڑہ،رحیم یار خان،راجن پور،سیالکوٹ اور وہاڑی سے رجسٹرڈ کاشتکاروں سے 25جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات زیادہ سے زیادہ 15ہزار فی ایکڑ ادا کئے جائیں گے اور اس پروگرام میں شامل کاشتکاروں کیلئے نمائشی پلاٹ کے علاوہ 3ایکڑ مزید رقبہ پر سورج مکھی لازما کاشت کرنا ہو گی۔

انہوں نے بتایاکہ کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہو گا جبکہ چھوٹے کاشتکار (مرد و خواتین) جن کا نہری رقبہ 5ایکڑ سے زائد اور ساڑھے 12ایکڑ سے کم ہو جبکہ بار انی علاقہ میں رقبہ 25ایکڑ سے کم ہو تو وہ کاشتکا ر درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔اسی طرح مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمیندار بھی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مقررہ تاریخ تک درخواستیں تصدیق کے بعد متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں جمع کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ شرائط درخواست فارم پردرج ہیں جو کہ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع اور زراعت آفیسر توسیع کے آفس سے مفت حاصل کئے یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.com.pkسے بھی ڈان لوڈ کئے جا سکتے ہیں تاہم فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔انہوں نے بتایاکہ قرعہ اندازی متعلقہ ڈویژن کے ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں 30جنوری کو ہو گی نیز اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن 0800-17000 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں