فیصل آباد (عکس آن لائن):کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے برداشت کا عمل انتہائی احتیاط سے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے لہذاکاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے مکمل کریں کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری، پھولوں کی پتیاں جلد خشک اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں توکاشتکار فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے1فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں جبکہ اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔
انہوں نے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرنے کے بعد سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں لیکن اگر فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں،ان کے وزن میں کمی آجاتی ہے اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اسلئے بہترین قیمت حاصل کرنے یا سٹوروں میں ذخیرہ کرنے کیلئے اس میں نمی کی مقدار 8 فیصد اور کچرہ دو فیصد سے زیادہ نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ جب دانہ دبانے سے ٹوٹنے لگے تواس وقت اس میں نمی کی مقدار8فیصد کے قریب ہوتی ہے لہذابیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کیاجائے۔