فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے لہٰذاکاشتکار محنت و احتیاط سے برداشت کاعمل مکمل کریں۔کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سب سے سنہری ہوجائے پھولوں کی پتیاں جلد خشک ہوجائیں ، سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں جس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔انہوں نے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اورانہیں دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں ۔انہوں نے کہاکہ زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کیا جائے نیز اگر فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں جن کے وزن میں کمی آجاتی اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے سفارش کی کہ کاشتکار بہترین قیمت حاصل کرنے یا سٹوروں میں ذخیرہ کرنے کیلئے اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد اور کچرہ دو فیصد سے زیادہ نہ رہنے دیں ۔انہوں نے کہاکہ جب دانہ دبانے سے ٹوٹنے لگے تواس وقت اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد کے قریب ہوتی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ بیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کیاجائے تاکہ اسے کسی قسم کانقصان پہنچنے کاخدشہ نہ رہے ۔