قصور(عکس آن لائن ) سورج مکھی کے کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول کے لئے مناسب اوربروقت آبپاشی کی ہدایت کی ہے اور کہاگیا ہے کہ سورج مکھی کی بہترپرورش کے لئے پانی کی اہمیت سے انکارممکن نہیں کیونکہ جڑوں کے ذریعے پودوں کو مطلوب خوراک کے اجزاء پانی میں حل ہوکر ہی پودے تک پہنچتے ہیں نیزضیائی تالیف کے عمل میں بھی اس کا کردارانتہائی اہم ہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)قصورمحمدنویدامجدنے کاشتکاروں کے نام پیغام میں کہا کہ سورج مکھی کم پانی میں پروان چڑھنے کی صلاحیت رکھنے والی فصل ہے جس کے باعث کاشتکار اکثر اس کی آبپاشی پرپوری توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے پیداوار میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل کو پہلاپانی بیج پھوٹنے کے 25سے30دن بعد ‘دوسراپانی پہلے پانی کے 15 سے 20دن بعد ‘تیسرا پانی پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت اور چوتھائی پانی بیج بننے کے مرحلے پر لگاناضروری ہے جو پھول بننے کے 10 سے 15روز بعد شروع ہوتاہے۔
انہوں نے بتایا کہ آخری مرحلے میں پانی کی کمی کی وجہ سے بیج پیچک کر کمزور اورپتلارہ جاتاہے جس کے نتیجہ میں پیداواربھی کم ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر متواترخشک اور گرم موسم کی صورتحال ہوتو چوتھے پانی کے 15 روز بعد ایک مرتبہ اورپانی بھی دے دیناچاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین زراعت کی مشاورت اورموسمی حالات کے پیش نظر آبپاشی کے وقفہ میں کمی بیشی بھی کی جاسکتی ہے۔