راشد لطیف

سوراو گنگولی پاک بھارت مقابلے بحال کرا سکتے ہیں،راشد لطیف

کراچی (عکس آن لائن) سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ سوراو گنگولی پاک بھارت مقابلے بحال کرا سکتے ہیں اور بی سی سی آئی کے صدر کو چاہئے کہ وہ پی سی بی کی مدد کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان روابط کی بہتری ممکن بنائیں۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ سوراو گنگولی نے دو ہزار چار میں بی سی سی آئی کی ہچکچاہٹ کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے میں اہم ترین کردار نبھایا تھا جس نے طویل عرصے کے بعد پاکستان میں بڑی کامیابی سمیٹی تھی لہٰذا اب بھی سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے وہ احسان مانی اور پی سی بی کی مدد کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان بھرپور انداز سے باہمی مقابلے شروع نہیں ہوتے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری نہیں آسکے گی کیونکہ ساری دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میچز دیکھنا چاہتی ہے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی سرفہرست عالمی ٹیموں کو پاکستان لانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں جس سے پاکستان کرکٹ اور مقامی کھلاڑیوں کو بھی خاطر خواہ حوصلہ ملے گا۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ایک عشرے کی طویل مدت کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آمد نہ صرف جدوجہد میں مبتلا پاکستان کرکٹ کیلئے اطمینان کی سانس ہے بلکہ عوام کیلئے بھی جو برسوں سے طویل فارمیٹ کے میچز کیلئے ترس رہی ہے اور ملک میں موجود تمام گراؤنڈز انٹرنیشنل میچوں کی کمیابی کی وجہ سے بری طرح نقصان اٹھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں