لاہور(عکس آن لائن)سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے اخراج کے باوجود قومی فاسٹ بالر وہاب ریاض پرعزم ہیں جن کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کو ممکن بنانا اب بھی اہم ترین مقصد ہے۔
وہاب ریاض کو یقین ہے کہ محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے وقفہ لینا ہی ان کے سنٹرل کنٹریکٹ سے اخراج کا باعث بنا ہے البتہ وہ اس بات پر افسوس کرنے کے بجائے واپسی کی کوششیں کرتے رہیں گے۔
بائیں ہاتھ کے پیسر نے امکان ظاہر کیا کہ انہیں ریڈ بال کرکٹ چھوڑنے کی وجہ سے مثال بنا کر پیش کیا جا رہا ہو یا پھر پی سی بی نے نوجوان پیسرز کو گروم کرنے کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کی لسٹ میں شامل کیا ہو لیکن حقیقت یہی ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ ان کی ترجیح نہیں بلکہ ملک کی نمائندگی ہمیشہ کی طرح پہلا مقصد ہے اور جب بھی انہیں موقع ملا تو وہ اسے ایک قابل فخر اعزاز سمجھیں گے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کا نہیں سوچ رہے اور انہوں نے اس ضمن میں کوئی پلاننگ بھی نہیں کی ہے بلکہ جب انہیں یہ محسوس ہوا کہ کھیلنے کیلئے تیار ہیں تو پی سی بی کو فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔ انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کردی کہ انہوں نے غیر ملکی ٹی ٹونٹی لیگز پر پاکستان کی نمائندگی کو ترجیح دی لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ انہوں نے نجی لیگز سے پیسہ کمانے کی خاطر ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی اختیار کی ہے۔
تجربہ کار پیسر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کیلئے کھیلنے کو اپنی اولین ترجیح سمجھا لہٰذا ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔واضح رہے کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق اس بات کی وضاحت کر چکے ہیں کہ سنٹرل کنٹریکٹ سے محرومی کے باوجود وہاب ریاض اور محمد عامر کو سلیکشن کیلئے قابل غور سمجھا جائے گا۔