سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ کا سرجیکل ماسک کی مہنگے داموں فروخت پر وفاق اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری

کراچی(عکس آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے ماسک کی مہنگے داموں فروخت کے خلاف درخواست پر وفاقی اورصوبائی حکومت کو نوٹس جاری کردئیے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کرونا وائرس کے ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے اور علاج کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔جہاں درخواست گزار کا موقف تھا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے کرونا وائرس کے علاج،تشخیص اور عوام میں آگہی مہم کا آغاز کریں،سرجیکل ماسک مافیا کے خلاف کارروائی اور عوام میں مفت ماسک تقسیم کرنے کا بندوبست کیا جائے۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ انتظار کرنے کے بجائے جلد ازجلد اسپتالوں اور دیگر متعلقہ اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کئے جائیں اور ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وفاقی اورصوبائی حکومت سمیت پیمراکو فریق بنایا، جس پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ اس میں پیمرا کا کیا تعلق جس پر اسے فریق بنایا گیا ہے۔اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ایک سو چالیس کے قریب مریضوں کے کرونا میں مشتبہ ہونے کا شک ہے،تو عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو یہ کس نے کہا اور کس چینل نے یہ خبر چلائی ؟،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ چل رہی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ تو کیا اب سوشل میڈیا پر ہم بھروسہ کریں ؟،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکیل درخواست گزار کو تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی ۔بعد ازاں عدالت نے صوبائی صحت سیکرٹری صحت سمیت وفاق اور متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت چھ مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں