کراچی(عکس آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اپنے بچوں کو اور تیزی سے موت کے منہ اور جہالت کے اندھیروں کی طرف جاتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔ سندھ کا ہر بچہ بہت باصلاحیت ہے بس انہیں صحیح مواقع اور معیاری تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ 24 جنوری کو لاڑکانہ میں جلسہ کر کے حکمرانوں کو بتانا ہے کہ سندھ کا کوئی بچہ لاوارث نہیں اور نہ ہی کسی مظلوم کی آواز پاک سرزمین پارٹی کی موجودگی میں دبائی جا سکے گی۔
سندھ بھر میں منظم تنظیم سازی ہو چکی ہے اب عوامی مسائل کے حل کے لیے عوام کے ساتھ مل کر آواز اٹھائیں گے۔ لاڑکانہ کی غیور عوام ساتھ دے گھروں سے نکلے اور حکمرانوں کو اپنا فیصلہ سنائے کہ اب کوئی یوٹرن نہیں چلے گا بلکہ عوام کی خدمت کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے سندھ نیں تنظیم سازی کے حوالے سے بتایا کہ پارٹی الیکشن ہارنے سے قبل جتنی منظم تھی آج اس سے کہیں زیادہ منظم ہے۔
لوگ تیزی سے پی ایس پی کے ساتھ جڑ رہے ہیں اور ہمارا پیغام تیزی سے گھر گھر پھیل رہا ہے۔ میٹنگ میں جلسے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف عوامی حلقوں، برادریوں اور تاجر برادری کی انجمنوں کی جانب سے بھرپور شرکت کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا