کراچی(عکس آن لائن ) صوبہ سندھ میں ڈینگی وائرس بے قابو گیا، 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 151نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں سال صوبے میں ڈینگی کے 14ہزار662 کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق سالانہ ڈینگی کیسز رپورٹ میں 13 ہزار 654 افراد کا تعلق کراچی سے ہے، ڈینگی سے اموات کی تعداد 41 ہوچکی ہے۔
رواں سال ملک بھر میں ڈینگی کے 50 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، سب سے زیادہ 13654ڈینگی کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے، وفاقی دارالحکومت سے رواں برس 13200 کیس سامنے آچکے ہیں۔21 نومبر کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب سے 9890، بلوچستان سے 3217 ڈینگی کیسز سامنے آئے، خیبرپختونخوا 7021 جبکہ قبائلی اضلاع سے 780 کیس رپورٹ ہوئے، اسی طرح آزاد کشمیر سے رواں برس 1691ڈینگی کیسز کی خبر ملی۔
گلگت بلتستان سے ڈینگی وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے 22اموات ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب20، بلوچستان3 اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔2011 میں22000 ڈینگی کیس سامنے آئے تھے، 2017میں 25000 ڈینگی کیس ریکارڈ ہوئے تھے، ڈینگی نے پہلی بار 2005 میں کراچی میں وبائی صورت اختیار کی تھی۔