حیدرآباد (عکس آن لائن) پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے سندھ زرعی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کی بی ای ایگری ڈگری کو لیول ٹومیں شامل کرنے پر فیکلٹی کے اساتذہ میں سرٹیفکیٹ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر مہمان خصوصی تھے، ڈگری کو عالمی اہمیت حاصل ہونے کے بعد اب زرعی یونیورسٹی کے ایگریکلچرل انجینئرز کو اپنی ڈگری کا معیار کو ثابت کرنے کیلئے بیرون ممالک میں مزید کورسز کرنا لازم نہیں ہونگے، پاکستان انجینئرنگ کونسل نے اپنی 108ویں ای اے بی کے اجلاس کے دوران سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجنیئرنگ کی بی ای ایگری ڈگری کو او بی ای سسٹم کے تحت او لیول میں شامل کرتے ہوئے اس کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس ضمن میں فیکلٹی کے ڈین اور اساتذہ کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈین ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ واشنگٹن اکارڈ کے مطابق ڈگری کو عالمی اہمیت ملنے کے بعد اب زرعی یونیورسٹی کے پروفیشنل انجینئر کو بیرون ممالک میں نوکری کیلئے اپنی ڈگری کی اہمیت کو ثابت کرنے کیلئے وہاں کی کورسز کرنا اب لازم نہیں ہونگے۔
اس ضمن میں پاکستان انجنیئرنگ کونسل کی ایکریڈیشن ٹیم کی جانب سے فیکلٹی کی اسیسمنٹ بھی کی گئی تھی، جسے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تدریسی سال 2018ء کے بیج کو لیول ٹومیں شامل کردیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے فیکلٹی ڈین ڈاکٹر الطاف سیال اور دیگر اساتذہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ زرعی یونیورسٹی اپنے تعلیمی معیار اور طلبا کیلئے جدید تدریسی سہولیات مہیا کرنے کیلئے طے شدہ اہداف پر کامیابی سے کام کر رہی ہے، اس حوالے سے یونیورسٹی کی انجینئرنگ فیکلٹی کی بی ای ڈگری اب بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ڈاکٹر الطاف سیال ، ڈاکٹر معشوق تالپور، ڈاکٹر عرفان شیخ اور دیگر اساتذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔