کراچی (نمائندہ عکس) ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے کیلئے من پسند حلقہ بندیوں سے سندھ کا براہ راست نقصان ہوگا۔
ڈپٹی کنوینر وسابق مئیر کر اچی وسیم اختر نے بہادرآباد میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہما ری کوشش تھی کہ 140-A کے تحت بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے کیلئے من پسند حلقہ بندیاں کیں جس سے شہری سندھ کا براہ راست نقصان ہوگا اس سلسلے میں ہمارے ایک وفد نے اسلام آباد جا کر اعلی حکام سے ملاقات کی اور سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا مقدمہ فیصلہ سازوں کے سامنے رکھا۔ ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا ہے کہ ہم سب کو چاہیے کہ متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کریں اور کسی بھی سازش کا شکار نہ ہوں۔
وسیم اختر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے عوام اور خاص طور پر شہری سندھ کے مسائل کے حل کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے معاہدے کئے، اگر عوام کے مسئلے و مسائل حل نہیں ہوئے تو وزرات بھی چھوڑ سکتے ہیں، ہم نے عوام کے خاطر پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا تو آپ کو بھی چھوڑ سکتے ہیں۔