ممبئی(عکس آن لائن) پورے بھارت میں بھائی جان کے نام سے مشہور بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے کینسر کو شکست دینے والے 9 سالہ مداح سے ملاقات کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا۔
سلمان خان کا شمار اْن بالی ووڈ اسٹارز میں ہوتا ہے جو فلاحی اور انسانی ہمدردی سے متعلق سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، اْن کی اس خوبی کی وجہ سے بچے، نوجوان اور بوڑھے افراد سمیت ہر ایک اْن کا مداح ہے۔اب حال ہی میں سلمان خان نے کینسر کو شکست دینے والے کمسن بہادر بچے جگن بیر سے ملاقات کی، بھارتی میڈیا کے مطابق جگن بیر کی والدہ سکھبیر کور نے بتایا کہ اْن کے بیٹے کو صرف تین سال کی عْمر میں برین ٹیومر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنی بینائی بھی کھو بیٹھا تھا، پھر بچے کو ممبئی کے ٹاٹا میموریل سینٹر میں علاج کے لیے داخل کروایا گیا۔
سکھبیر کور نے بتایا کہ جب وہ اپنے بیٹے کو ممبئی لیکر جارہی تھیں تو اْن کا بیٹا بہت خوش تھا کیونکہ وہ یہی سمجھ رہا تھا کہ وہ سلمان خان سے ملنے جارہا ہے، بیٹے کی سلمان خان کے لیے محبت دیکھ کر سکھبیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔مذکورہ ویڈیو سلمان خان تک پہنچ گئی تھی اور پھر وہ اْس بچے سے ملنے اسپتال آئے تھے، یہ پہلی ملاقات تھی جو سلمان خان نے سال 2018 میں جگن بیر سے کی تھی، اس وقت بچہ بینائی سے محروم تھا تو اس مشکل مرحلے میں جگن بیر نے سلمان خان کا چہرہ اور بریسلیٹ چْھو کر ان کی موجودگی محسوس کی تھی۔
اس ملاقات میں سلمان خان نے جگن بیر سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مکمل علاج کے بعد دوبارہ ملاقات کریں گے، سال 2023 میں جگن بیر کا علاج مکمل ہوا اور اس بہادر بچے نے کینسر کو شکست دی جس کے بعد سلمان خان نے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر کمسن مداح سے ملاقات کرکے اپنا وعد پورا کیا۔سلمان خان سے اپنے بیٹے کی ملاقات کے بعد بچے کی والدہ سکھبیر کور نے بتایا کہ اب ان کا بیٹا بالکل تندرست ہے، اس کی بینائی بھی 99 فیصد واپس آگئی ہے اور وہ اب اسکول بھی جارہا ہے۔