لاہور(عکس آن لائن)نامور اداکار حیدر سلطان نے کہا ہے کہ مجھے جتنی مرضی مقبولیت مل جائے میں اپنے والد سلطان راہی مرحوم سے بہتر اداکار نہیں بن سکتا ،میرے والد فلم انڈسٹری کا گراں قدر سرمایہ تھے اور وہ پنجابی فلم انڈسٹری کے لئے ستون کی حیثیت رکھتے تھے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ان کے جانے کے بعد فلم انڈسٹری اس ڈگر پر نہیں چل سکی اور ہمیں تنزلی کا طویل دور دیکھنا پڑا ۔
انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ سے پنجابی فلموں کا ایک سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں فلم انڈسٹری دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری دو پنجابی فلمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ باقی تین کی شوتنگ جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ سلطان راہی ایک ہی تھا اوران جیسا دوسرا کوئی نہیں ہو سکتا۔