فواد حسین چوہدری

سفرا سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر (ن) لیگ کی تنقید باعث حیرانی ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ سفرا کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بلخصوص مزدوروں کی تکالیف کو دور کرنے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی تنقید پر حیرت ہوئی ہے، پہلی مرتبہ ایک وزیر اعظم اشرافیہ کے مقابلے میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے،واقعات کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو بیان دینا پڑا، ایک سفارتخانے کیخلاف تحقیقات ہورہی ہیں،(ن)لیگ بتائے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق اور انتخابی اصلاحات کے خلاف ہیں تو بتائیں کہ آخر آپ کی سیاست کیا ہے؟،کراچی کے حلقہ این اے 249میں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے ،کابینہ نے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت میڈیا مالکان متازع جگہوں پر رپورٹنگ پر جانے والے صحافیوں کو حفاظتی سامان فراہم کریں گے۔جمعہ کو مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک وزیر اعظم اشرافیہ کے مقابلے میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کو مزدوروں کی بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر سبکی ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ واقعات کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو بیان دینا پڑا، ایک سفارتخانے کیخلاف تحقیقات ہورہی ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم ایک پاکستانی خاتون کے دوران ملازمت متعدد مرتبہ ریپ کیا گیا اور جب وہ سفارتخانے مدد کے لیے پہنچی تو عملے کے رکن نے کہا کہ تمہاری متعدد مرتبہ طلاق ہوئی ہیں کیونکہ تمہیں پولیس کے حوالے کردوں۔فواد چوہدری نے بتایا کہ وہ خاتون اس قدر خوفزدہ ہوئی کہ واپس اسی گھرمیں چلی گئی جہاں اس کے ساتھ ریپ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس رویے پر وزیر اعظم بات نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟۔فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کو مخاطب کرکے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق اور انتخابی اصلاحات کے خلاف ہیں تو بتائیں کہ آخر آپ کی سیاست کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران سیکڑوں پاکستانیوں کی ملک واپس کے عمل میں سفرا کا کردار قائل تحسین ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے خود تعریف کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے بھی واقعات ہیں کہ سفارتخانے کے عملے نے پتھر رکھ کر راستے بند کردیے تاکہ کوئی مزدور نہ آسکے۔کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے 249 میں ووٹ کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے کہا کہ ہم نے پہلے ہی مطالبہ کردیا تھا کہ یہ معاملہ دوبارہ گنتی کا نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی سے واضح ہوگیا کہ انتخابی اصلاحات کس قدر ضروری ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کیوں بار بار زور دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا ہم مسلم لیگ (ن) سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن آپ سنجیدہ رویہ اختیار کریں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے رات جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت میڈیا مالکان متازع جگہوں پر رپورٹنگ پر جانے والے صحافیوں کو حفاظتی سامان فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا اگر کوئی صحافی کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری میڈیا مالکان پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت کوئی بھی صحافی ہو اس سے ذریعہ نہیں پوچھا جائے گا۔اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ آن لائن شاپنگ کی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں میں سے ایک ایمیزون کی جانب سے پاکستان کو آئندہ چند روز میں سیلر لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا جس کے بعد ایکسپورٹ کا ایک اور راستہ کھل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی بنیادوں پر ایمیزون نے 40 ایکسپورٹرز کی منظوری دی ہے۔مشیر تجارت نے کہا کہ اب نوجوان ملک سے بیرون ملک اپنی تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کرسکیں گے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اس میں کئی چیلنجز کا سامنا بھی ہے جس میں قابل ذکر کوریئر سروسز ہیں جنہیں اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا تاکہ وقت پر سامان یا چیز کی ترسیل ممکن ہوسکے۔عبد الرزاق داؤد نے کہا کہ اگر کسی ایکسپورٹرز کے ذریعے کوئی چیز بیرون ملک پہنچی اور اس پروڈکٹ کا معیار بتائے گئے معیار کے عین مطابق نہیں ہوا تو ایمیزون کو شکایت موصول ہونے پر ایکسپورٹر کو خارج کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایمیزون کے نظام کو استعمال کرنے کے لیے پاکستانی سیلرز کو ٹریننگ دینے کی بھی ضرورت ہے۔آئی ٹی شعبوں میں ایف بی آر کے نوٹس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ گزشتہ روز بھی بات ہوئی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اب ایمیزون بھی شامل ہے اس لیے آئندہ بجٹ میں اس مسئلے کا حل پیش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں