پرویز حنیف

سفارتخانوں میں صرف متعلقہ شعبے سے لوگوں کو کمرشل اتاشی تعینات کیا جائے ‘ پرویز حنیف

اسلام آباد/کراچی(عکس آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کیلئے متعلقہ وزارتیں اور ادارے اپنے اپنے کردار کا جائزہ لیں ، وزیر اعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ برآمدی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے مسائل سے آگاہی کیلئے با اختیار فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں ، سفارتخانوں میں صرف متعلقہ شعبے سے لوگوں کو کمرشل اتاشی تعینات کیا جانا چاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں پرویز حنیف نے کہا کہ ڈیڑھ دہائی قبل تک پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات اپنے عروج پر تھیں لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں اضافہ ہونے کی بجائے کمی ہوتی گئی اور آج یہ حرف ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ترین سطح پر ہیں۔ حکومت کو متعدد بار برآمدات میں تنزلی کی وجوہات سے آگاہ کر چکے ہیں لیکن بد قسمتی سے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاتھ سے بنے قالین بنانے کے ہنر مند نا پید ہوتے جارہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں کمی اور حکومت کی طرف سے کوئی ستائش یا معاونت نہ ہونا ہے ۔ اگر حکومت سرپرستی کرے تو اس کی برآمد ات کو پر کشش بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ کے لئے سفارتخانوں کو ذمہ داریاں تفویض کرنے کی پالیسی لائے ، سفارتخانوں کے ذریعے مختلف ممالک میں درآمدات کے رجحانات سے آگاہی حاصل کر کے تجاویز متعلقہ وزارتوں، محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کو ارسال کی جائیں ، اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی درآمد کنندگان کے پاکستانی برآمد کنندگان سے روابط کیلئے مربوط میکنزم بنایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں