ماسکو(عکس آن لائن) روسی صدرولادی میرپوتین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون پر اوپیک پلس کے پلیٹ فارم سے مشترکہ تعاون اوراس سے برآمد ہونے والے مثبت نتائج پرتبادلہ خیال کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کریملن نے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں لیڈروں نے یوکرین بحران اور یمن کی صورت حال پر بھی بات چیت کی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد نے روس اور یوکرین کے درمیان بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے میں مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا ۔تیل برآمد کرنے والوں ملکوں کی تنظیم اوپیک نے 12اپریل کویوکرین پرروس کے حملے کے اثرات، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور چین میں کرونا وائرس کی نئی شکل اومیکرون کے کیسوں کا حوالہ دیتے ہوئے 2022 میں تیل کی عالمی طلب میں اضافے کی پیشین گوئی میں کمی کی تھی۔
اوپیک نے اپنی ایک ماہانہ رپورٹ میں کہا کہ 2022 میں تیل کی عالمی طلب میں 36 لاکھ 70 ہزار بیرل یومیہ اضافہ ہوگا اور یہ مقدار اس کی سابقہ پیشین گوئی سے 480,000 بیرل یومیہ کم ہے۔فروری میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہواہے اور ایک وقت میں یہ 139 ڈالرفی بیرل سے بھی زیادہ ہوگئی تھی اور یہ قیمت 2008 کے بعد سب سے زیادہ ہے جس سے افراطِ زرکا دبا مزید بڑھ گیا ہے۔