وزیراعظم شہباز شریف

سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا،وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا، جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی اس سے دل باغ باغ ہوگیا، سعودی وفد نے جس گرمجوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا ایک وفد آیا تھا، اس کابینہ اجلاس کے بعد ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے، ان تمام معزز حکام کی، جنہوں نے اس کو کامیاب بنانے کے لیے بے پناہ محنت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفد کے مہمان خصوصی انہوں نے جتنی تعریف آپ لوگوں کی ہے، میرا دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا۔

شہباز شریف کے مطابق وفد کا کہنا تھا کہ جب کل ہمارا کابینہ اراکین کے ساتھ رابطہ ہو رہا تھا تو آپ کے وزرا نہ صرف وہاں پر مکمل طور پر موجود تھے بلکہ ہر قدم پر گائیڈ کررہے تھے، کہنے لگےکہ یہ ہمارے لیے خوشگوار حیرانگی تھی، ہم نے اس طرح کا تجربہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفد نے بتایا کہ ہم بڑی خوشی کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، کہا کہ ہم واپس جا کر رپورٹ کریں گے کہ ہم نے پاکستان میں نیا دور دیکھا ہے، اور جس اعتماد کے ساتھ آپ کی ٹیم نے پریزنٹیشن دی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے حوصلہ افزا خبر تھی۔ شہباز شریف نے کابینہ اراکین کو کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، دل کی گہرائیوں سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔