واشنگٹن(عکس آن لائن)وائٹ ہائوس نے کہاہے کہ سعودی عرب ہمارا ایک اہم پارٹنر ہے اور واشنگٹن کی توجہ مستقبل اور تعلقات میں آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔میڈیاپورٹس کے مطابق اگلے امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن امریکا کے اتحادی سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ اس وقت امریکا کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات حساس مرحلے سے گذر رہے ہیں۔بلنکن کا سعودی عرب کا دورہ چھ جون کو شروع ہو کر آٹھ کوختم ہوگا۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک سوڈان میں ثالثی کی قیادت کر رہے ہیں اور اب تک دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کے کئی وعدے نافذ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔وائٹ ہائوس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بلنکن سعودی حکام کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور دوطرفہ امور پر اسٹریٹیجک تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اگلے بدھ کو وہ خلیج تعاون کونسل کی طرف سے منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں اور جمعرات کو ریاض میں منعقد ہونے والے داعش سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
٭٭٭٭