کویت سٹی (عکس آن لائن)امیر کویت الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے کہا ہے کہ انہیں سعودی عرب کی میزبانی میں پانچ جنوری کو ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس سے بہت سے توقعات وابستہ ہیں۔ العلا میں منعقد ہونے والا خلیج سربراہ اجلاس خلیجی ملکوں کی صفوں میں یکجہتی کے فروغ کا باعث بنے گا۔
عرب ٹی وی کے مطابق امیر کویت نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں خلیجی ممالک کے سربراہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد خلیجی ملکوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا اور خطے کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔گذشتہ روز قصر یمامہ میں کویت کے وزیر خارجہ الشیخ احمد ناصر المحمد الصباح نے امیر کویت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے خلیجی ملکوں کے دورے کے نتائج اور کونسل کے رکن ممالک کو امیر کویت کی طرف سے بھیجے گئے مکتوبات پر خلیجی قیادت کے رد عمل پر بات کی۔امیر کویت نے وزیر خارجہ کے خلیجی ممالک کے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا مقصد سعودی عرب کی میزبانی میں سربراہ کانفرنس کو کامیاب بنانا ہے۔خیال رہے کہ امیر کویت نواف الاحمد الجابر الصباح نے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کو ہاتھ سے لکھے مکتوب ارسال کیے تھے۔ یہ مکتوبات سلطنت عمان کے سلطان ھیثم بن طارق، متحدہ عرب امارات کے صدر الشیخ خلیفہ بن زاید بن سلطان آل نھیان، بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی کو بھیجے گئے تھے۔
Load/Hide Comments