اسلام آبا د(عکس آن لائن) مشرق وسطیٰ کے ممالک خصوصاً سعودی عرب، کویت ٗ قطر ٗ متحدہ عرب امارات ٗ عمان اور بحرین میں مقیم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)، ڈیڑھ سالہ بی ایڈ،کامن ویلتھ آف لرننگ(ایم بی اے) پروگراموں میں داخل طلباء کا سمسٹر خزاں 2020ء کے فائنل امتحانات سوموار 22۔مئی سے شروع ہونگے۔یہ امتحانات آن لائن طریقے سے منعقد ہونگے، آن لائن امتحانات کے لئے یونیورسٹی نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ اِن ممالک میں مقیم پاکستانی طلبہ کو رول نمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ ارسال کردی گئی ہیں تاہم طلبہ رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
تمام طلبہ کو اُن کے دئیے گئے ای میل ایڈریسز پر بھی ضروری ہدایات بھجوادی گئی ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے دو سال کے مختصر عرصے میں یونیورسٹی کے انتظامی، تدریسی اور مالی امور مینول سے آٹو میشن پر منتقل کردئیے ہیں، ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کے نتیجے میں یونیورسٹی بیرون ملک مقیم اپنے طلبہ سے آن لائن امتحانات لینے کی پوزیشن میں آچکی ہے۔
واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی سطح بڑھا کر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔ اوپن یونیورسٹی مشرق وسطیٰ کے علاوہ دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانیوں تک بھی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان ممالک میں مقیم پاکستانی امتحانات کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف اوورسیز ٗ ایجوکیشنل پروگرامز اینڈ ای لرننگ ٗ کمرہ نمبر LG-08ٗ آئی سی ٹی بلڈنگ ٗ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سیکٹر H-8ٗ اسلام آباد سے رابطہ کرسکتے ہیں یا ان کے فون نمبر +92-51-9057165 or +92-51-9250175پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔