سعودی شاہی خاندان

سعودی شاہی خاندان کی 3 اہم شخصیات گرفتار

ریاض(عکس آن لائن) سعودی عرب میں سابق ولی عہد سمیت سعودی شاہی خاندان کے 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز، سابق ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور شاہی خاندان کے اہم ترین فرد شہزاد نواف بن نائف کو کو گھروں سے حراست میں لیا گیا جبکہ ان حراستوں کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

سعودی حکام نے شہزادوں کو حراست میں لیے جانے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔اس قبل 2017 میں بھی محمد بن سلمان کے احکامات پر سعودی شاہی خاندان کے کئی اراکین اور وزرا کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس وقت کے وزیر داخلہ محمد بن نائف کو بھی عہدے سے ہٹا کر نظر بند کر دیا گیا تھا۔ محمد بن سلمان نے2016 میں سعودی عرب میں متعدد اقتصادی اور سماجی اصلاحات کرنے کا عزم کیا تھا جس پر انہیں پہلی بار سب سے زیادہ پذیرائی ملی تھی تاہم وہ اب تک کئی تنازعات کی زد میں آ چکے ہیں جن میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کا استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل شامل ہے۔

2017 میں بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن کے عمل پر تنقید کے الزام میں گرفتار ہونے والے سعودی شہزادے خالد بن طلال کو تقریبا ایک سال بعد نومبر 2018 میں رہا کیا گیا تھا۔ وہ شاہ سلمان کے بھتیجے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں