مستعفی

سری لنکا کے صدر عوامی احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کیلئے تیار

کولمبو (نمائندہ عکس)سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔سری لنکا کے وزیراعظم آفس نے بتایا ہے کہ صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب 2 دن قبل ہزاروں افراد نے صدر اور وزیراعظم دونوں کی سرکاری رہائش گاہوں پر دھاوا بول دیا تھا اور اب بھی ان عمارات پر قابض ہیں۔

ان افراد نے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے عہدے چھوڑنے تک عمارات خالی کرنے سے انکار کیا ہے۔سری لنکن صدر اس وقت کہاں موجود ہیں، اس بارے میں کسی کو علم نہیں۔صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے استعفیٰ کے بارے میں سب سے پہلے پارلیمنٹ کے اسپیکر نے 9 جولائی کو بتایا تھا۔انہوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ صدر 13 جولائی کو مستعفی ہوجائیں گے۔اب 11 جولائی کو وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کے آفس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق سری لنکن صدر نے آگاہ کیا ہے کہ وہ 13 جولائی کو اپنے عہدے کو چھوڑ دیں گے۔

مگر اس حوالے سے صدر کی جانب سے براہ راست کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا۔سری لنکن آئین کے مطابق صدر کا استعفیٰ اسی وقت منظور ہوسکتا ہے جب وہ پارلیمنٹ کے اسپیکر کو استعفی بھیجیں۔اس سے قبل سری لنکن وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ وہ اپنے عہدے کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ سری لنکا کئی ماہ سے خوراک، ادویات، ایندھن، بجلی کی کمی اور مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے، جس کے خلاف عوام حکومت سے مستعفی ہونےکا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں