کلین سوئپ

سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کردیا

لاہور (عکس آن لائن)تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔سری لنکا نے جیت کیلئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 134 رنز بناسکی اور یوں سیریز 0-3 سے سری لنکا کے نام رہی۔ پاکستان ٹیم ٹی20 فارمیٹ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز تین صفر سے ہاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کے ابتدائی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 58 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم پانچویں وکٹ کی شراکت میں فرنینڈو اور شناکا نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ فرنینڈو کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ اوشاڈا فرنینڈو 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد عامر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 76 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد حارث سہیل اور کپتان سرفراز بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 52 اور 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم تین اور آصف علی ایک رن بناکر آٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 17 اور وہاب ریاض 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے ونندو ڈی سلوا نے تین 3 اور لہیرو کمارا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر سری لنکن کھلاڑیوں نے گرانڈ کا چکر لگایا، سری لنکن کھلاڑیوں نے تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا، سری لنکا کے لیگ اسپنر ونندو ڈی سلوا مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی تھیں، فاسٹ بولر محمد حسنین، بیٹسمین عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ڈراپ کیا گیا جبکہ افتخاراحمد،حارث سہیل، عثمان شنواری کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔ٹی ٹوئنٹی میں آٹھویں نمبر پر موجود سری لنکا ٹیم نے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز جیت کر سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کردیا ہے۔ اس سے قبل کراچی میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پاکستان 0-2 سے کامیاب رہا تھا جبکہ پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں