ممبئی(عکس آن لائن) بالی ووڈ کے کامیاب ترین فلم ڈائریکٹرز میں ایک کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ معروف اداکارہ آنجہانی سری دیوی سے دیوانہ وار محبت کرتے تھے اور ان کا عشق جنون میں بدل گیا تھا۔
اس بات کا انکشاف کرن جوہر نے اپنے شو ” کافی ود کرن” میں سری دیوی کی بیٹیوں جھانوی اور خوشی کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ معروف فلم ڈائریکٹر نے سری دیوی کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا احوال بھی بتایا۔ہدایت کار کرن جوہر نے جھانوی اور خوشی کو بتایا کہ ایک وقت تھا میں تمھاری ماں سری دیوی کا پرستار تھا اور ان سے جنون کی حد تک پیار کرتا تھا۔
میں سچ میں سری دیوی کے عشق میں مبتلا ہوگیا تھا۔کرن جوہر نے بتایا کہ جب پہلی بار سری دیوی سے ملاقات کا موقع آیا تو میں بہت خوف زدہ تھا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ یہ 1993 کی بات تھی اور میں سری دیوی کے ساتھ فوٹو شوٹ کے لیے گیا تھا۔بھارتی فلم ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ مجھے سری دیوی سے اپنا تعارف کراتے ہوئے شدید ہچکچاہٹ ہورہی تھی۔
میری ٹانگیں کانپ رہی تھیں اور میں اس کیا وقت کہہ رہا تھا مجھے خود معلوم نہیں تھا جس پر میرے والد نے سری دیوی سے میرا تعارف کرایا۔کرن جوہر نے کہا کہ ایسا نہیں کہ میں اس سے پہلے کسی سلیبریٹی سے نہ ملا ہوں۔ میں نامور ہستیوں سے ملا تھا اور کبھی اسی طرح گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوا تھا۔ وہ بہت خوبصورت نظر آرہی تھیں لیکن میں یہ بات کہہ نہیں پایا۔