اسلام آ باد (عکس آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سردی کا جواز بناکر انتخابات ملتوی کرنے کامقف درست نہیں جبکہ ملک میں سیکیورٹی سے متعلق صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستوں پر مشاورت کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں دائر درخواستیں ٹھوس وجوہات پیش کرنے میں ناکام ہوگئی، ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی سے متعلق مقف میں کوئی دم نہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں انتخابات ملتوی کرنےکی متعدددرخواستیں دائر کی گئی تھیں، زیادہ تردرخواستوں میں سردی اور سیکیورٹی صورتحال کو جواز بنایا گیا تاہم الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ فروری میں انتخابات کروانے کے لئے تیار ہیں، سردی کا جواز بناکر انتخابات ملتوی کرنے کا مقف درست نہیں جبکہ ملک میں سیکیورٹی سے متعلق صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔
واضح رہے کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ انتخابات کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے،
حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن چند دن میں ڈی آراوز، آراوز، اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کرنےجا رہا ہے اور چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔