قاہرہ(عکس آن لائن)مصر کے ایک باخبر سکیورٹی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور مصر کی درمیانی سرحد پر فائرنگ اور ایک مصری فوجی کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے ارکان اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان گولی چلائی گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں کئی سمتوں سے فائرنگ شروع ہوگئی اور مصری سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھی حفاظتی اقدامات کے طور پر فائرنگ کی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا کہ قاہرہ نے رفح میں مصری اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے بعد سرحد پر تعینات مصری سکیورٹی اہلکاروں کی سلامتی اور حفاظت کے حوالے سے خبردار کیا ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا بتایا ۔ ذریعے نے بتایا کہ اس واقعہ کی تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
سیکیورٹی ذریعہ نے بتایا کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ اور فلاڈیلفیا کے محور کے ساتھ مصری سرحد پر صورت حال کی سنگینی کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا چاہیے۔ نہ صرف سیکورٹی مقاصد بلکہ انسانی امداد کے بہا کے راستوں کے حوالے سے بھی یہاں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصر نے فلاڈیلفیا کے محور میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے اثرات سے خبردار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاڈیلفیا کے محور پر حملے سے ایسے میدانی حالات پیدا ہوجاتے ہیں جن پر قابو پانا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس صورت حال سے کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے۔واضح رہے پیر کو سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک مصری فوجی مارا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔