اوکاڑہ(نمائندہ عکس آن لائن )ساہیوال ڈویژ ن کے تاجران فوڈ اتھارٹی کے ناروا رویے پر پھٹ پڑے، ان خیالات کا اظہار ڈویژنل تاجران ایسوسی ایشن کے ملک محمد اشرف و دیگر نمائندوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کوویڈ 19کے باعث تاجر اور کاروباری طبقہ پریشان حالی کا شکار ہے اور دوسری طرف فوڈ اتھارٹی دکانداروں کی لائسنس فیسوں اور جرمانوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے جو سراسر تاجروں سے زیادتی ہے،ڈویژنل صدر تاجران شیخ وقاص نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی نے فوڈ لائسنس کے بعد گرین لائسنس بھی مسلط کر دیا ہے جو تاجروں کیلئے قابل قبول نہیں ہے،اس موقع پر ملک محمد اشرف، حاجی نسیم، شیخ اعجاز احمد رضا،علی حسن نقوی اور حاجی بلال بھی موجود تھے،
انھوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کیسز کی دوران سماعت صرف جرمانہ مسلط کر کے اپنا فیصلہ سناتی ہے اور تاجروں کو کیسز کی صفائی میں سنا ہی نہیں جاتا،شیخ وقاص کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کیاہلکارجب کسی دکاندار یا فیکٹریوں کو جرمانہ یا انسپیکشن کیلئے جاتے ہیں اس وقت فوڈ اہلکاروں انتہائی تضحیک آمیز سلوک ہوتا ہے جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، ڈویژنل تاجران تنظیم کے عہدیداران نے وزیر اعلیٰ اور ڈی جی فوڈ پنجاب سے فوڈ اتھارٹی کے معاملات کی اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے،عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پرسیکشن 51 کے تحت فوڈ اتھارٹی میں تاجروں کو نمائندگی دی جائے تاکہ مسائل کو بر وقت حل کیا جا سکے اگر فوڈ اٹھارٹی تاجر وں کو بے جا تنگ کرنا بند نہیں کرتی تو تاجر احتجاج کا راستہ اپنائیں گئے۔