وزیر اطلاعات

سانحہ 9 مئی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، فسادی ٹولہ اس روز اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا،وزیر اطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، فسادی ٹولہ اس روز اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا اور پاکستان کی سلامتی، وقار، ترقی کے خلاف گھنائونی سازش کی، سانحہ 9 مئی میں ملوث چہروں کو بے نقاب کریں گے، ملک پر حملہ آور مکروہ چہروں کو کبھی نہیں بھولیں گے اور نہ بھولنے دیں گے، ہمارا وعدہ ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

بدھ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہو جائے گا، 9 مئی ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس روز پاکستان کی سلامتی، وقار، ترقی کے خلاف گھنائونی سازش کی گئی، منظم منصوبہ بندی کے تحت ملکی دفاع کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، ان کے چہرے بے نقاب کریں گے اور قوم کو یاد دلائیں گے کہ یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوئے اور اپنے ہی ملک کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی، انہوں نے ایسا کام کیا جو کبھی دشمن بھی نہ کر سکا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے، یہ ٹولیوں کی شکل میں مختلف مقامات پر گئے اور شہدائ کی یادگاروں تک کو مسمار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک اور ایٹمی طاقت ہے، پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین فورسز میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے پائلٹس نے بڑی مہارت کے ساتھ دشمن ملک کے طیارے گرائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب کیپٹن کرنل شیر خان کو شہید کیا گیا تو بارڈر کی دوسری طرف سے ان کی بہادری کی تعریف کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کوئی جان کا نذرانہ پیش کر دے تو اس سے بڑی کیا قربانی ہو سکتی ہے، سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو بھی آگ لگا دی، انتشار پسند ٹولے نے سیاسی مقاصد کی خاطر شہدائ کی یادگاروں کو مسمار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اختلاف تھا تو یہ سیاسی پارٹیوں کے خلاف جلوس نکالتے اور اپنے سیاسی رہنما کے حق میں احتجاج کرتے لیکن ان کا مقصد اختلاف نہیں انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم کا پوری دنیا میں نام لیا جاتا ہے جنہوں نے 60 سیکنڈ میں دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے، اس فسادی ٹولے نے میانوالی میں موجود ان کی یادگار کو بھی نہیں چھوڑا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے ہمارا سلوگن ”بے حرمتی ان کی گوارہ نہیں … ہونے دینا اب دوبارہ نہیں” ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد نے اپنے چھوٹے چھوٹے ذاتی مفادات کی خاطر قوم کے ہیروز کی بے حرمتی کی، کبھی شہداء کے گھر جا کر دیکھیں کہ ان کے ورثاء پر کیا گزرتی ہے، ان کی بیوائیں اور مائیں بہنیں کس کرب میں مبتلا ہوتی ہیں جب ان کے گھر پرچم میں لپٹا ہوا تابوت لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی یادگاریں قومی غیرت کے نشان ہیں، یہ کم از کم شہداء کی تکریم ہی سیکھ لیتے۔ اس موقع پر صحافیوں کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خان صاحب کے بھانجے بھی ان واقعات میں ملوث تھے، کیا یہ اپنے بھانجوں کی شناخت سے انکار کر سکتے ہیں؟ ان لوگوں نے اتنا تک کہہ دیا کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پر ہماری جان بھی قربان ہے، پاکستان ہماری شناخت ہے، پاکستان سب سے پہلے ہے، سیاست بعد میں ہے، پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا، پاکستان تا قیامت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز منطقی انجام کو پہنچ جانے چاہئیں، اس میں کس بات کی تاخیر ہے؟ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا تو تمام ملوث افراد کو سزائیں دی گئیں، 9 مئی کے واقعات کے تو شواہد بھی موجود ہیں تو پھر کیا دقت ہے کہ ان کیسز کے فیصلے نہیں ہو پا رہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوجوان نسل کے لئے پیغام ہے کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئے اور اس ملک کی ترقی میں حصہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب کچھ اس ملک کی سالمیت سے جڑا ہوا ہے، انتشار، فتنہ اور فساد کو ہم نے مسترد کرنا ہے، قومی یکجہتی پیدا کرنی ہے، ملکی سالمیت کے لئے کام کرنا ہے۔ آج معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، عالمی مالیاتی جریدے کہہ رہے ہیں کہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا دن قوم کبھی نہیں بھولے گی، پاکستان پر حملہ کرنے والے مکروہ چہروں کو کبھی نہیں بھولیں گے اور نہ بھولنے دیں گے۔ ہمارا یہ بھی وعدہ ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کی ترقی اور بقاء کی خاطر جو اقدامات اٹھانا پڑے، اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے کل کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے جبکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔ شام کو وزیراعظم کنونشن سینٹر میں تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قول فعل سے اور فعل قول سے نہیں ملتا، متضاد باتیں کرنے کے عادی بانی پی ٹی آئی اپنی ہی کہی ہوئی بات پر قائم نہیں رہتے، ان کا مقصد اپنے مفاد کے ساتھ اپنے قول کو ایڈجسٹ کرنا ہے، ان کو پاکستان اور پاکستانیت سے کوئی غرض نہیں، انہیں صرف اپنے مفاد سے غرض ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہو رہی ہیں، کس کا کتنا جرم ہے، اس کا تعین کرنا تحقیقاتی اداروں کا کام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ سوال اٹھتا ہے کہ خان صاحب کی فیملی 9 مئی کے دن کور کمانڈر ہائوس میں کیا کرنے گئی تھی، اس کا جواب ملنا چاہئے، 9 مئی کے دن نورین خان، عظمیٰ خان اور علیمہ خان کور کمانڈر ہائوس کے باہر موجود تھیں، پی ٹی آئی رہنمائوں نے اس روز ہدایات جاری کیں کہ کس نے کہاں پہنچنا ہے اور کہاں حملہ کرنا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عدالتی نظام موجود ہے، سزا دینا عدالتوں کا کام ہے، عدالتیں اپنا کام کر رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب میں شہداء کی فیملیز کو مدعو کیا گیا ہے، تقریب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭