سعیدغنی

سانحہ 18 اکتوبر کرنیوالی طاقتیں ہی27 دسمبر واقعے میں ملوث ہیں، سعیدغنی

کراچی(عکس آن لائن) وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے سانحہ 18 اکتوبر سے متعلق کہا ہے کہ سانحہ 18 اکتوبر کرنے والی طاقتیں ہی27 دسمبر واقعے میں ملوث ہیں، لاڑکانہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کو ہرانے کے لیے پورا زور لگایا گیا، خواتین کی ووٹنگ اکثر مقامات پر ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔سعید غنی نے سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 18 اکتوبر کو بارہ برس بیت چکے لیکن ملزمان تاحال آزاد اور کیس بھی بند کردیا گیا۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دسمبر کے واقعے کے بعد کرائم سین ایک گھنٹے میں دھو دیا گیا۔وزیر اطلاعات سندھ نے لاڑکانہ الیکشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل لاڑکانہ الیکشن میں حکومتی مشینری استعمال نہیں ہوئی، کل لاڑکانہ الیکشن میں ہمارے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو ہرانے کے لیے پورا زور لگایا گیا، خواتین کی ووٹنگ اکثر مقامات پر ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے ہوئی۔سعید غنی نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتیں آلہ کار کے طور پر استعمال ہوئیں، کئی پولنگ اسٹیشن سے ہمارے ایجنٹس کو نکال دیا گیا اور پیپلز پارٹی تمام اقدامات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرتا رہا۔ان کا کہنا تھا کہ جمیل سومرو کو حق حاصل ہے وہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن جاسکتے ہیں ہمارے امیدوار جمیل سومرو کو کئی پولنگ اسٹیشن پر روکا گیا۔وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ جمیل سومرو کوڈی آر او کے آفس جانے نہیں دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں