لاہور(عکس آن لائن) نامور اداکارہ روبی انعم نے کہا ہے کہ پاکستان میں فن کی نا قدری کی وجہ سے عمر رسیدہ ہونے والے فنکار کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جوفن اورفنکار دونوں کی تذلیل ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ عروج کے دنوںمیں فنکار کو سر آنکھوں پر بٹھا یا جاتا ہے لیکن جیسے ہی کوئی فنکار بڑھاپے کو پہنچتا ہے تو اسے نظر انداز کر دیا جاتا ہے اس رویے کا دکھ لئے بہت سے فنکار قبر میں جا سوئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں فنکار کو وہ عزت اور مقام حاصل نہیں جو دوسرے ممالک میں حاصل ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ فن کے ذریعے ساری زندگی ملک و قوم کی خدمت کرنے والے فنکاروںکی فلاح و بہبود کیلئے ذاتی دلچسپی لے کر پالیسی کا اعلان کریں ، بیمارفنکاروں کا سرکاری سطح پر مفت علاج ہونا چاہیے اور بیروزگار فنکاروں کی مالی معاونت بھی کی جائے ۔