سارک سیکرٹریٹ ویڈیو کانفرنس

سارک سیکرٹریٹ ویڈیو کانفرنس کاحصہ نہیں، پاکستان کا کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ سا رک سیکرٹریٹ ویڈیو کانفرنس کاحصہ نہیں اس لئے پاکستان نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے زیر اہتمام کوروناوائرس سے متعلق تجارتی حکام کی ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کے بارے میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تجارتی حکام کی ویڈیو کانفرنس جیسی سرگرمیاں صرف اسی صورت موثر ثابت ہوسکتی ہیں اگر ان کا اہتمام سارک سیکرٹریٹ کرے۔ترجمان نے کہا کہ چونکہ سارک سیکرٹریٹ ویڈیو کانفرنس کاحصہ نہیں اس لئے پاکستان نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ سارک سیکرٹریٹ کا کردار کورونا وائرس کی عالمی وباءاور اس کے وسیع تر سماجی اور اقتصادی اثرات جیسی ہنگامی صورتحال میں مزید نمایاں ہو جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرح سارک سیکرٹریٹ بھی ادارہ جاتی لائحہ عمل اور علاقائی روابط کے فروغ کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم کی سہولت فراہم کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ملکوں کے درمیان تعاون تنظیم کے اہداف کے حصول کے لئے سارک سیکرٹریٹ کو موثر بنانا ہوگا۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب خطے کو غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا ہے ہمیں علاقائی تعاون سے متعلق تمام موجودہ تنظیموں کا کردار زیادہ سے زیادہ مستحکم بنانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں