لاہور (عکس آن لائن)منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو ضمانت پر جیل سے رہا کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ نے دو روز قبل رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت منظور کی تھی جس کا تحریری فیصلہ بھی جمعرات کو جاری کر دیا گیا ہے۔عدالت کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔رانا ثنا اللہ کی جانب سے مچلکے جمع ہونے کے بعد لیگی رہنما کو لاہور کی کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
جیل سے باہر آنے پر لیگی کارکنوں نے ان کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی اور ان کا والہانہ استقبال کیا۔ لیگی کارکنوں کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔منشیات کیس میں گرفتار ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ پانچ ماہ پچیس دن بعد جیل سے رہا ہوئے۔ ٹرائل کورٹ کے ججز کے رخصت پر ہونے کے باعث لاہور ہائیکورٹ میں ہی ان کے مچلکے جمع کرائے گئے جن کی تصدیق کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جیل سپریٹنڈنٹ کے نام پر جاری کی گئی۔روبکار موصول ہونے کے بعد جیل میں جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا گیا اور رانا ثنا اللہ کو رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے موقع پر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ اور داماد سمیت لیگی کارکن کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر پہنچی۔ تاہم وہ میڈیا سے بات کیے بغیر اپنی فیملی کے ہمراہ روانہ ہو گئے،اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے ممبر قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت کا فیصلہ 9 صفحات پر مشتمل ہے جسے جسٹس چوہدری مشتاق احمد نے جاری کیا ہے۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے شریک ملزم کی ٹرائل کورٹ میں ضمانت ہو چکی ہے، استغاثہ نے شریک ملزموں کی ضمانت منظوری کو ہائیکورٹ میں چیلنج نہیں کیا۔فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ پر 15 کلو ہیروئن رکھنے کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ان کا جسمانی ریمانڈ ہی نہیں لیا گیا۔ملزم کی 10، 10 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل لاہورہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور کی تھی۔گزشتہ روز وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ انہوں نے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور رانا ثنا اللہ کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔شہریار آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدالت کا تفصیلی فیصلہ سامنے آنے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے