کراچی (عکس آن لائن)اداکارہ فضاء علی نے کہا ہے کہ سابق شوہر اچھے انسان تھے، طلاق کے باوجود بھی اپنے پہلے شوہر کی برائی نہیں سن سکتی۔نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے فضاء علی نے بتایا کہ میری سابق شوہر فواد فاروق سے پہلی ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی، جہاں انہوں نے مجھے شادی کی پیشکش کردی تھی اور پھر بعد میں میری والدہ سے میرا رشتہ مانگ لیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران، میری والدہ کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی جس کے بعد والدہ کو آئی سی یو میں داخل کروانا پڑا اور ہسپتال میں ہی میری والدہ نے فواد اور میری شادی کا کہا۔فضاء نے کہا کہ شادی کے بعد فواد نے کبھی مجھ پر تشدد نہیں کیا، نہ گالم گلوچ کی ،نہ ہی میرے ساتھ کچھ برا کیا، وہ بہت اچھے انسان ہیں لیکن ہم میاں بیوی کے طور پر ایک ساتھ نہیں رہ سکتے تھے اور ہماری طلاق ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے پہلے شوہر فواد کی وجہ سے ڈراموں میں کام کرنا چھوڑا کیونکہ طلاق کے بعد، جب میں ڈرامے کے سیٹ پر جاتی تھی تو لوگ مجھ سے فواد کی برائی کرتے تھے اور میں طلاق کے باوجود فواد کی برائی برداشت نہیں کرسکتی تھی جس کی وجہ سے میں نے ڈرامہ انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا۔