ٹرمپ

سابق امریکی صدر ٹرمپ بغیر دعوت شادی کی تقریب میں پہنچ گئے

فلوریڈا (عکس آن لائن)امریکہ کے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ امریکی ریاست فلوریڈا میں’ ‘مار آ لاگو” کی تفریحی گاہ پر منعقد ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں شریک ہوئے جہاں انھوں نے جو بائیڈن، چین اور ایران پر کڑی تنقید کی۔شادی کی اس تقریب میں انہوں نے مائیک اپنے ہاتھ میں لیتے ہی سیاسی باتیں شروع کر دیں۔

انھوں نے میکسیکو کیساتھ امریکہ کی سرحد کے بارے میں بات کرتے ہوئے گزشتہ سال نومبر میں ہوئے امریکہ کے صدارتی انتخاب کے شفاف ہونے پر مزید سوالات اٹھائے۔انھوں نے تقریب کے شرکا سے سوال کیا’کیا وہ ان کی کمی محسوس کرتے ہیں۔ جس کا محفل میں ایک شور اٹھا اور لوگ نے بھر پور طریقے سے اس کا جواب دیا۔ٹی ایم زیڈ نامی ایک ویب سائٹ پر ان کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں وہ کہتے ہیں کہ انھیں اب بھی تمام رپورٹس ملتی ہیں۔مجھے سرحد کی صورت حال، چین اور ایران کے بارے میں بتاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈیل کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ سب کچھ کرنے کو تیار ہیں، وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں اور یہ شخص بائیڈن پابندیاں اٹھانے کے بعد کہتا ہے کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔تاہم واضح رہے کہ صدر بائیڈن نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو ٹرمپ کی حکومت کی طرف سے یکہ طرفہ طور پر ختم کیے جانے کے بعد ایران کے خلاف لگائی گئی پابندیوں کو ختم نہیں کیا ہے۔

اس سال فروری میں جو بائیڈن کی حکومت اقوام متحدہ سے ٹرمپ کے دور میں کیے گئے اس مطالبے سے دستبردار ہو گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزیاں کرنے پر بین الاقوامی پابندیاں عائد کی جائیں۔سابق صدر ٹرمپ نے بائیڈن کی انتظامیہ کو میکسکو کی سرحد کی صورت حال پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا جب بائیڈن نے حکومت سنبھالی ہے سرحد پر پہنچنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان میں ایسے بچوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جن کے ساتھ کوئی نہیں ہے اور جن کو غیر قانونی تارکین وطن کے لیے بنائے گئے حراستی مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ سرحد پر صورت حال ٹھیک نہیں ہے۔ یہ اتنی خراب کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ انھیں انتہائی برے حالات میں رکھا جا رہا ہے۔ انھیں ایسی بری حالت میں رکھا جا رہا ہے جو اس سے پہلے کسی نے نہیں دیکھیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وہ اپنے کسی حامی کی شادی میں شریک ہوئے ہوں۔ سنہ 2019 میں بھی وہ اپنے دورِ اقتدار میں شادی کی ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے جس میں دولہا اور دلہن بھی امریکہ زندہ باد کے نعرے لگانے لگے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں