محسن نقوی

سائبر کرائمز سے نمٹنے کیلئے برطانیہ کے تعاون کا خیرمقدم کرینگے، محسن نقوی

لندن (عکس آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سائبر کرائمز سے نمٹنے کیلئے برطانیہ کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کے3 اہم اداروں کے تفصیلی دورے کئے اور اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں، نیشنل کرائم ایجنسی، فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس اور کابینہ آفس نیشنل سیچو یشن سینٹر کا دورہ کیا۔

محسن نقوی نے ڈی جی نیشنل کرائم ایجنسی اور فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈی جی نیشنل سکیورٹی سے ملاقاتیں کیں جس میں انسداد دہشت گردی، منظم جرائم کی روک تھام اور سائبر سکیورٹی کے تناظر میں معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سائبر کرائمز سے نبرد آزما ہونے کیلئے برطانیہ کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے نیشنل سیچویشن سنٹر کے افعال کار میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی اس طرز پر نیشنل سیچویشن سینٹر کے قیام کا جائزہ لیں گے۔