اسلام آباد(عکس آن لائن ) پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام کے تعمیراتی ادارے زمین ڈویلپمنٹس اور ارتھ لنک ڈویلپمنٹس کے مابین بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کی شاندار لوکیشن پر کثیر المقاصد منصوبہ مشترکہ طور پر تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ دونوں اداروں کے مابین ہونے والے معاہدے پر زمین ڈاٹ کام، زمین ڈویلپمنٹس کے سی ای او ذیشان علی خان اور ارتھ لنک ڈویلپمنٹس کے سی ای او مبشر حیات نے دستخط کئے۔ اس موقع پر زمین ڈاٹ کام کے کنٹری ہیڈ احمد حسین بھٹی، سینئر ڈائریکٹر نارتھ حسن دانش، ڈائریکٹر زمین ڈویلپمنٹس فہد عارف خواجہ، ڈائریکٹر افیلیٹس و ایکوزیشن عادل کمال اور ڈائریکٹر پراجیکٹ سیلز خرم حسین جبکہ ارتھ لنک ڈویلپمنٹس کے ڈائریکٹر کمپلائنس و لیگل افئیرز فواد مسلم اور ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ ڈویلپمنٹس جمال ایس کاکاخیل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زمین ڈاٹ کام ‘زمین ڈویلپمنٹس کے سی ای او ذیشان علی خان کا کہنا تھا کہ زمین ڈویلپمنٹس اپنے صارفین کو انتہائی مناسب قیمت پر شاندار رہائشی و کمرشل منصوبے فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اسی سلسلے میں زمین ڈویلپمنٹس اور ارتھ لنک ڈویلپمنٹس مشترکہ طور پر بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کی پُرکشش لوکیشن پر ایک ایسا منصوبہ تعمیر کرنے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف جڑواں شہروں میں کاروبار کے خواہشمند افراد مستفید ہو سکیں گے، بلکہ عالمی معیار کی سہولیات سے آراستہ پُرتعیش رہائش بھی اختیار کرنا ممکن ہو گی۔
سی ای او ارتھ لنک ڈویلپمنٹس مبشر حیات نے زمین ڈویلپمنٹس کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جڑواں شہروں میں ایک ایسا کثیر المقاصد منصوبہ تعمیر کریں گے جو رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں تعمیراتی مثال ثابت ہو گا۔ زمین ڈویلپمنٹس اور ارتھ لنک ڈویلپمنٹس کا شمار رئیل اسٹیٹ شعبے کے انتہائی قابل اعتماد اداروں میں ہوتا ہے، اور دونوں اداروں کے ماہرین اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو بروقت تعمیر کریں گے۔