فیصل آباد/مکو آنہ (عکس آن لائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے مڈٹرم آن لائن امتحانات 3 مئی سے شروع ہوں گے جب کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لیکچررز اور ریسرچ آفیسر کے عہدوں کے لئے تحریری ٹیسٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر کی زیرصدارت ڈینزکمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔ ڈینز کمیٹی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ کیمپس میں سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
کرونا کی تیسری لہر میں فیصل آباد بدترین متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہے لہذا کرونا کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال جب کرونا نے پاکستان کو متاثر کرنا شروع کیا تو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے آن لائن کلاسز کو اپنانے میں ملک بھر میں برتری حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زوم، ایل ایم ایس سسٹم اور دیگر سوشل میڈیا سمیت تمام ٹولز کا استعمال تعلیمی اور دیگر تحقیقی سرگرمیوں کے سفر کو جاری رکھنے کے لئے یقینی بنایا گیا ہے جس سے طلبا کو گھروں میں رہتے ہوئے کورسز کا کام، لیکچرز اور دیگر پڑھنے کا مواد آن لائن دستیاب ہے تاکہ طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں باقی دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے جدید تعلیم کو اپنانا ازحد ضروری ہے۔