قصور(عکس آن لائن)کھیت سے صارف تک پہنچنے کے دوران 40فیصد پھل سبزیاں اورزرعی مصنوعات نامناسب ہینڈلنگ وپیکنگ کی وجہ سے ضائع ہوجاتی ہیں جبکہ زرعی اجناس کے بعد ازبرداشت نقصان کوکم کرکے ویلیو ایڈیشن کے ذریعے کثیرزرمبادلہ کمایاجاسکتاہے۔ ماہرین زراعت نے بتایا کہ ہر سال پھلوں سبزیوں اوردیگر سامان کی نقل و حمل کی پیکنگ کے لئے لاکھوں درختوں کی کٹائی کے عمل کو روکنابھی ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور فوڈ سیکورٹی کے چیلنجز سے نبردآزماہونے کے لئے کھیت سے ایک ایک دانہ اسی حالت میں صارف تک پہنچنا اہم سنگ میل ہوگا جس کےلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کی شرح پہلے ہی انتہائی کم ہے جبکہ فرنیچر پیکنگ اور گھریلواستعمال کےلئے درختوں کوکاٹناماحولیات پر انتہائی منفی اثرات کا باعث بن رہا ہے ان حالات میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کو رواج دیناچاہئیے۔انہوں نے بتایاکہ 50فیصد پیداوارصرف نامناسب ہینڈنگ وپیکنگ کی نذرہوکرضائع ہوجاتی ہے جس کےلئے قابل عمل پیکنگ ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی ضرورت ہے ۔