اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ریکوڈک کیس کا فیصلہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، پی آئی اے کے منجمد تمام اثاثے ریلیز ہوگئے، آخری وقت تک پاکستان کا دفاع کریں گے۔ فروغ نسیم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم، وزیر اعظم سمیت سب کو ریکوڈک کیس میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کو بھرپور کامیابی ملی، جب حکومت آئی تو حکومت کو بہت سے مسائل کا سامنا تھا، ساڑھے 6 بلین ڈالر جرمانے کا سامنا تھا، لڑکھڑاتی معیشت سمیت بہت سے بین الاقوامی کیسز کا بھی سامنا تھا۔
فروغ نسیم نے کہا کہ کامیابی کے لیے سب نے بہت محنت کی، وزیراعظم کی ہدایات پر خصوصی کمیٹی بنائی گئی، امریکی اور برطانوی وکلا سے مشاورت کی، موجودہ اور سابق اٹارنی جنرل کا کردار بھی اہم تھا، احمد عرفان کا کردار بہت اہم تھا، احمد عرفان کے لیے ستارہ امتیاز کی تجویز دی، ائیر مارشل ارشد ملک نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ٹیتھیان کمپنی کو بھی بتایا گیا کہ یہ عمران خان کی حکومت ہے، موجودہ حکومت میں نہ کوئی پیسہ کھائے گا، نہ کھانے دے گا، پاکستان دعاوں کا نتیجہ ہے، پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا اور ترقی کرے گا، بی وی آئی عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں سب اثاثے ہمیں مل گئے، ابھی بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہر کیس میں بھرپور طریقے سے ملک کا دفاع کیا جا رہا ہے۔