لاہور( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مہم جوئی سے مثبت نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ،ایف بی آر کی ریٹیلرز کیلئے ٹیکس اسکیم بارے کچھ تحفظات ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہیے ،فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے بلوںمیں ماہانہ بنیادوں پر اضافہ نا قابل قبول ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے آگاہی نہ دینے کی وجہ سے ریٹیلرز کے حوالے سے ٹیکس اسکیم پر تاجروں میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے اور وہ تاجر تنظیموں کو ٹیلیفون کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کر رہے ہیں ۔
تاجروںنے کبھی بھی ٹیکس کی ادائیگی سے انکار نہیں کیا بلکہ اکثریت ٹیکس دے رہی ہے ، ہمیشہ یہی تجویز دی ہے کہ کسی بھی طرح کے فیصلے یا پالیسی کے نفاذ سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ، مہم جوئی سے مثبت نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کے لئے ٹیکس اسکیم کے بارے میں کچھ تحفظات ہیں اور اس حوالے سے جلد لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔یہ اطلاعات ہیں کہ ماہانہ ادائیگیوں کے نادہندگان کو تعزیری نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں دکان سیل کرنا یا اس کی ماہانہ قسط کے برابر جرمانہ عائد کرنا شامل ہے ،سوال ہے کہ کیا موجودہ کاروبار ی حالات ایسے ہیں جن میں اس طرح کا خوف و ہراس پھیلایا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے ، حکومت فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ بجلی کے بلوںمیں اضافے کا سلسلہ بند کرے۔