لاہور(عکس آن لائن) وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے ریلوے کی زمین کو لیز پر دیں گے اسے فروخت نہیں کیا جائے گا،اعظم خان سواتی نے گزشتہ روز لاہور میں ایوان صنعت و تجارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدرمیاں طارق مصباح سمیت دیگرعہدیداروں سے ملاقات کی،
اس موقع پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ حکومت ایف بی آر میں بنیادی تبدیلیاں لائےگی، بزنس کےلئے نجی شعبے کے پراجیکٹس کا خیر مقدم کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ امپورٹ ایکسپورٹ کی لاگت کم کرنے کے لیے ریلوےکو اپ گریڈکرنا ناگزیر ہے،
وزیراعظم کاروباری برادری کو سہولیات دینے اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہیں جب کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے تیار ہیں،وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے زمین پر سائٹ منصوبے شروع کریں گے، کارگو ٹرین کی ای ٹکٹنگ شروع کررہے ہیں جب کہ ڈرائی پورٹس کو فعال کررہے ہیں،کوٹ لکھپت میں نجی شعبے سے مل کر کارگو سینٹر بنائیں گے۔