کراچی (عکس آن لائن)ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 38 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 283 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 283 روپے 58 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی ڈیڑھ روپے مہنگی ہو کر 285 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاہدے اور چین کی طرف سے دو ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کیے جانے کے بعد امکان ہے جلد روپیہ کی قدر بحال ہو جائیگی تاہم غیر یقینی صورتحال کے باعث امریکی ڈالر تگڑا ہو رہا ہے، آئندہ کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی کی قدر میں گراوٹ دیکھنے کو ملے گی۔